خیبرپختونخوا میں پولیس کے لیے 70 ارب روپے مختص، 40 ارب جاری کر دیے گئے، گورنر

پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس پشاور میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کی 28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل، قدیم تہذیبوں اور سیاحتی مقامات سے مالا مال صوبہ ہے، تاہم ماضی میں ان وسائل کو نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پانی، سستی پن بجلی، تیل، گیس، معدنیات، تمباکو اور سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں بروئے کار لا کر خوشحالی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔

امن و امان اور پولیس اصلاحات پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن کا قیام اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیں ہر صورت فتح حاصل کرنی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دور میں پولیس کی 40 ارب روپے کی ڈیمانڈ کے مقابلے میں صرف ایک ارب روپے دیے گئے، جبکہ اب پولیس کے لیے مختص 70 ارب روپے میں سے 40 ارب روپے فوری جاری کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جنوبی اضلاع میں سیف سٹیز منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے جسے ضم اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ پولیس شہداء کے معاوضوں میں اضافہ کرتے ہوئے پلاٹ کے بجائے ڈیڑھ کروڑ روپے نقد اور بیٹیوں کے جہیز کے لیے 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ شہداء کے بچوں کے لیے سویٹ ہومز کے اشتراک سے کیڈٹ کالج اور مفت تعلیم کے لیے دو ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔ گورنر نے مزید بتایا کہ پولیس کی 17 ہزار خالی آسامیوں میں سے 7 ہزار اہلکاروں کی فاسٹ ٹریک بھرتی جاری ہے اور ایس ایچ اوز تک بلٹ پروف گاڑیوں کی فراہمی ترجیح ہے۔

معدنیات کے شعبے پر بات کرتے ہوئے گورنر نے انکشاف کیا کہ کوہاٹ میں غیر قانونی مائننگ کے ذریعے ماہانہ تقریباً 4.2 ارب روپے کی معدنیات نکالی جا رہی تھیں، جس میں ملوث گروہوں کا کالعدم ٹی ٹی پی سے گٹھ جوڑ سامنے آیا اور اس آمدن کا 80 فیصد افغانستان منتقل ہو رہا تھا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جا رہا ہے اور صوبائی مائننگ کمپنی کے قیام کے ذریعے آئندہ تمام مائننگ قانونی طریقہ کار کے تحت ہوگی۔

نوجوانوں، صحت اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گورنر فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ 15 ہزار طلبہ کو مختلف ممالک کے اشتراک سے فنی تربیت دی جائے گی، طالبات کے لیے اسکوٹی اسکیم اور ای گیمنگ کے فروغ پر کام جاری ہے۔ ادویات کے معیار کے لیے موبائل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری شروع کر دی گئی ہے جبکہ چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کا ٹینڈر رواں ماہ جاری ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پشاور میں صفائی مہم، تجاوزات کے خلاف آپریشن، پولیس کی کھلی کچہریوں اور فیس لیس کورٹس کے قیام پر کام جاری ہے، جبکہ ضم اضلاع میں ترقیاتی فنڈز مقامی مشاورت سے خرچ کیے جائیں گے اور صوبے کی ترقی کے لیے "تھری ٹی پالیسی” پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر گورنر نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے اور مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے بریفنگ دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed