مقامی ایئرلائن سائو تھ ایئر نے پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ ایئرلائن کے مطابق اس روٹ پر پرواز کا دورانیہ تقریبا 50 منٹ سے ایک گھنٹہ ہوگا۔پاکستان کے دو بڑے شہروں پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی رابطہ بحال ہوگیا ۔سائو تھ ایئر نے علامہ اقبال ڈے کے موقع پر اس روٹ پر اپنی پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔اس نئے روٹ پر فضائی سروس شروع ہونے سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو ایک اضافی سہولت میسر آئے گی جب کہ دونوں شہروں کے درمیان آمدورفت میں لگنے والے وقت میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔ابتدائی طور پر سائوتھ ایئر اس روٹ پر ہفتے میں چار پروازیں چلائے گی۔ اس سروس کے ذریعے پہلی پرواز دوپہر تقریبا ایک بج کر 10 منٹ پر روانہ ہوئی ۔ یادرہے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 9 نومبر سے پشاور اور لاہور کے درمیان فضائی روٹ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا تھا۔سائوتھ ایئر کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب روٹ میپ کے مطابق ایئرلائن اس وقت اسلام آباد سے سکھر، بہاول پور اور رحیم یار خان تک پروزیں آپریٹ کر رہی ہے جب کہ کراچی سے بہاول پور، پنجگور، سکھر، تربت، رحیم یار خان اور گوادر پر بھی پروازیں چلائی جارہی ہیں۔اس کے علاوہ سکھر سے کراچی، اسلام آباد اور کوئٹہ جب کہ بہاولپور سے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے روٹ پر بھی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔







