پشاور سپورٹس فیسٹیول 2026 کا باقاعدہ آغاز حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں ہوگیا جس میں پشاور سے تعلق رکھنے والے 500 سے زائد کھلاڑی 12 مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ پشاور اور چارسدہ کی ٹیموں کے درمیان کبڈی کا مقابلہ بھی منعقد ہوگا۔فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح مشیربرائے سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈاکٹر سرفراز نے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس آصف خان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس واصل خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل رشیدہ غزنوی، نازیہ ذکی، نعمت اللہ، ڈائریکٹر آپریشنز جمشید بلوچ، شاہ فیصل اور ایڈمنسٹریٹر حیات آباد سپورٹس کمپلیکس عابد آفریدی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔فیسٹیول میں کرکٹ، فٹبال، کبڈی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ، فل کنٹیکٹ کراٹے، موئے تھائی، سکواش، 50 میٹر ریس، رسہ کشی اور وہیل چیئر ریس کے مقابلے شامل ہیں۔افتتاحی تقریب کے دوران مارشل آرٹس کے کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرے پیش کیے، جنہیں شرکاءنے خوب سراہا۔اس موقع پر مشیر برائے کھیل ڈاکٹر سرفراز نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ وترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کوشش کریں گے کہ کھلاڑیوں کو میدان میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں انہوں نے کہا کہ سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم کھیلوں کی ترقی کیلئے شبانہ روز کوشاں ہے اور بہترین کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا‘سیکرٹری سپورٹس آصف خان نے کہا کہ صوبے میں تحصیل اور ضلعی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید کوچز بھی بھرتی کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کی سطح پر کھیلوں کا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لیے مختلف کھیلوں میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کئے جائیں گے، جن کے ذریعے انڈر 16 اور انڈر 19 کیٹیگریز میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس کی جانب سے پشاور میں بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کے انعقاد کے لیے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے







