یونیورسٹی آف سوات اور ہنر کدہ کے درمیان آرٹ و ثقافت کی ترویج کے لیے اہم ملاقات

یونیورسٹی آف سوات کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین سے معروف فنکار اور سابق وفاقی وزیر سید جمال شاہ اور محترمہ آمنہ شاہ نے ملاقات کی، جس میں یونیورسٹی میں ہنر کدہ انسٹی ٹیوٹ کی توسیع، تعلیمی پروگراموں میں اضافے اور فنونِ لطیفہ، ثقافت اور ڈیزائن کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اتوار کو جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران ملاکنڈ ڈویژن، بالخصوص ضلع سوات میں آرٹ، ثقافت اور تخلیقی تعلیم کے فروغ کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے پر غور کیا گیا۔ فریقین نے یونیورسٹی آف سوات اور ہنر کدہ کے درمیان طے پانے والے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت جاری تعلیمی پروگراموں کو وسعت دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین نے فنونِ لطیفہ اور ثقافت کے شعبے میں سید جمال شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف سوات تخلیقی صنعتوں کے فروغ اور طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنر کدہ کے ساتھ اشتراک کا مقصد طلبہ کو ثقافتی ورثے کے تحفظ، جدت اور تخلیقی سرگرمیوں میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔سید جمال شاہ نے یونیورسٹی آف سوات کی قیادت کے عزم کو سراہا اور ہنر کدہ انسٹی ٹیوٹ کی ترقی اور مستقبل میں توسیع کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ فریقین نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور اس سلسلے میں درپیش مسائل اور چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed