سٹی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پشاور کے شعبہ اردو کے زیر اہتمام شعریات نظم: قدیم و جدید تناظر کے موضوع پر ایک علمی و ادبی سیمینار منعقد ہوا، جس میں معروف شاعر، محقق اور نقاد ڈاکٹر اعجاز احمد نے بطور مقرر خصوصی شرکت کی۔سیمینار کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت معاویہ نے حاصل کی۔ سیمینار کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر قدرت اللہ خٹک نے ادا کیے۔ مقرر خصوصی ڈاکٹر اعجاز احمد نے اپنے خطاب میں اردو نظم کی شعریات، فکری و فنی ارتقا اور قدیم و جدید شعری رجحانات پر روشنی ڈالی اور نظم کی ہیئت، موضوعاتی تنوع اور اسلوبیاتی تبدیلیوں کے اہم پہلوں کو اجاگر کیا۔خطاب کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا، جس میں طلبہ و اساتذہ نے اردو نظم کی شعریات سے متعلق سوالات کیے۔ ڈاکٹر اعجاز احمد نے سوالات کے مدلل جوابات دیے اور موضوع کے مختلف علمی و تنقیدی پہلوں کی وضاحت کی۔اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر خالد عظیم خان نے مقرر خصوصی ڈاکٹر اعجاز احمد اور شرکا کا شکریہ ادا کیا اور تحقیق و تنقید کے فروغ کے لیے ایسی علمی و ادبی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔سیمینار میں اہل قلم ، ریسرچ سکالرز اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس علمی نشست کا مقصد اردو نظم کی شعری روایت اور جدید رجحانات کے مطالعے کو فروغ دینا اور طلبہ و محققین کے لیے علمی مکالمے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔







