موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی فضا میں نمی کی کمی اور سرد ہواؤں کے باعث جلد کی خشکی، کھردرے پن اور ہونٹ پھٹنے جیسے مسائل عام ہونے لگتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق اس موسم میں جلد اپنی قدرتی نمی کھونے لگتی ہے، جس کی وجہ سے اکثر افراد کو خارش، جلن اور جلد میں کھنچاؤ کی شکایت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تاہم، روزمرہ کی چند سادہی عادات میں تبدیلی لا کر ان مسائل سے باآسانی بچا جا سکتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں میں بہت زیادہ گرم پانی سے چہرہ دھونے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس سے جلد کی قدرتی چکنائی ختم ہو جاتی ہے، لہٰذا چہرہ دھونے کے لیے ہمیشہ نیم گرم پانی اور نرم فیس واش کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ، چہرہ دھونے کے فوراً بعد اپنی جلد کی مناسبت سے معیاری موئسچرائزر لگائیں تاکہ جلد کی نمی برقرار رہے اور خشکی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔مزید برآں، ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ سردیوں کے موسم میں بھی سورج کی نقصان دہ شعاعیں جلد کو شدید متاثر کر سکتی ہیں۔ اس لیے دن کے وقت گھر سے باہر نکلتے ہوئے یا دھوپ میں بیٹھتے وقت کم از کم 30 ایس پی ایف (SPF) والی سن اسکرین کا باقاعدگی سے استعمال انتہائی ضروری ہے۔







