ممبر ایڈوائزری کونسل برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر کو صوبائی ہیلتھ سروسز اکیڈمی (PHSA) کے انتظامی امور، شعبہ جاتی کارکردگی، جاری سرگرمیوں، عملے کے تربیتی پروگراموں اور مستقبل کی حکمتِ عملی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔
بریفنگ کے دوران ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ عملے کی پیشہ ورانہ تربیت، استعداد کار میں اضافے، ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانے اور طبی و انتظامی خدمات کے معیار کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے تاکید کی کہ صوبائی ہیلتھ سروسز اکیڈمی اپنی فعالیت اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے اور تربیتی و انتظامی نظام کو مضبوط بنائے تاکہ اس کے فائدے براہِ راست عام شہریوں تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طبی شعبے میں معیاری تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت عوام کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے بنیاد فراہم کرتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ادارہ جاتی سرگرمیوں کا محور عوام کے مفاد کا تحفظ اور صحت عامہ کی خدمات میں نمایاں بہتری ہونا چاہیے تاکہ شہریوں کو معیاری اور قابلِ رسائی طبی سہولیات میسر آ سکیں۔







