امریکا میں سابق میرین فوجی وِلڈن کینتھ بووِن کی 100ویں سالگرہ پر 100 برتھ ڈے کارڈز وصول کرنے کی خواہش اس وقت غیر معمولی صورت اختیار کرگئی جب انہیں ملک بھر سے چار ہزار سے زائد کارڈز موصول ہوگئے۔
ریاست ٹیکساس میں مقیم وِلڈن کینتھ بووِن نے اپنی 100ویں سالگرہ کے موقع پر 100 کارڈز کی خواہش ظاہر کی تھی۔ ٹیکساس ویٹرنز لینڈ بورڈ نے ’100 فار 100‘ مہم کے تحت ان کے لیے 100 سالگرہ کارڈز کی اپیل کی۔
یہ درخواست مقامی اخبارات اور ایک ریڈیو اسٹیشن کے ذریعے لوگوں تک پہنچائی گئی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بھی بڑے پیمانے پر شیئر ہوئی۔
عوام کی جانب سے بھرپور ردعمل سامنے آیا اور بووِن کی سالگرہ کی تقریب تک 100 کے بجائے چار ہزار سے زیادہ کارڈز ان تک پہنچ چکے تھے۔ ملک کے مختلف علاقوں سے بھیجے گئے ان کارڈز میں سابق فوجی کے لیے نیک خواہشات اور تشکر کے پیغامات شامل تھے۔
وِلڈن کینتھ بووِن 5 ستمبر 1926 کو ٹیکساس کے شہر لولنگ میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے 1945 میں امریکی میرینز میں شمولیت اختیار کی اور دوسری جنگِ عظیم کے آخری دنوں میں خدمات انجام دیں۔
1946 میں انہیں گڈ کنڈکٹ میڈل اور ایکسپرٹ رائفل مین بیج کے ساتھ فوج سے فارغ کیا گیا۔
یوں 100 کارڈز کی ایک سادہ سی خواہش ہزاروں محبت بھرے پیغامات میں تبدیل ہوگئی اور سابق فوجی کے لیے ان کی 100ویں سالگرہ کا یادگار تحفہ بن گئی۔







