امریکا کے شہر بوسٹن جانے والی ائیر ایمبولینس کے بحر اوقیانوس میں گر کر تباہ ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
حکام کے مطابق بحر اوقیانوس میں واقع جزیرہ برمودا سے امریکی ریاست میسا چوسٹس کے شہر بوسٹن جانے والا گلف اسٹریم جی 100 میڈیکل جیٹ لاپتہ ہوگیا تھا، جس کا ملبہ میسا چوسٹس کے جزیرے نانٹکٹ کے قریب سمندر سے مل گیا۔
طیارے میں عملے کے ارکان، 4 کینیڈین شہری، ایک مریض اور ایک تیماردار سمیت مجموعی طور پر 6 افراد سوار تھے۔ حکام کے مطابق طیارے میں موجود افراد کے زندہ بچنے یا ملنے کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔
گلف اسٹریم جی 100 میڈیکل جیٹ نے برمودا ایئرپورٹ سے ہفتے کی رات 12 بج کر 41 منٹ پر بوسٹن کے لیے اڑان بھری تھی، تاہم رات 1 بج کر 20 منٹ پر نانٹکٹ کے قریب طیارے سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کوسٹ گارڈ نے ہیلی کاپٹرز، طیاروں اور موٹر بوٹس کی مدد سے بحر اوقیانوس میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا، جو رات گئے تک جاری رہا۔
حکام نے ہفتے کی رات دیر گئے تصدیق کی کہ نانٹکٹ کے ساحل کے قریب سمندر سے ملنے والا ملبہ لاپتہ ہونے والے اسی طیارے کا ہے۔
حکام کے مطابق طیارہ ریڈار سے غائب ہونے سے پہلے صرف 2 منٹ کے دوران 9 ہزار فٹ نیچے آیا۔ کچھ دیر کے لیے طیارے کی پوزیشن برابر ہوئی، جس کے بعد وہ ریڈار سے غائب ہوگیا۔
حکام نے بتایا کہ حادثے سے قبل پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان بھی کیا تھا۔ ملبے کے بکھرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیارہ بہت تیز رفتاری سے سمندر سے ٹکرایا۔







