جاپان میں جاری ایشین گیمز کے اسکواش ایونٹ میں پاکستان نے شاندار پیش رفت کرتے ہوئے 5 میں سے 3 میچز میں فتح حاصل کر کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
مکسڈ ڈبلز مقابلے میں پاکستان کے محمد عاصم خان اور مہوش علی کی جوڑی نے نیپال کے بپانا بلون اور ارہنت سمہا کو 0-2 سے شکست دی۔ مینز سنگلز میں پاکستان کے محمد اشہب عرفان نے لبنان کے جیسن کرم کو اسٹریٹ سیٹس میں 0-3 سے ہرایا، جبکہ نور زمان نے فلپائن کے وین ایرو اینجلو کو 0-3 سے یکطرفہ مقابلے کے بعد آؤٹ کلاس کر دیا۔
دوسری جانب ویمنز سنگلز میں پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جہاں مہنور علی اور ثنا بہادر کو بالترتیب سنگاپور اور ایران کی کھلاڑیوں کے ہاتھوں شکست ہوئی۔
آئندہ کے میچوں میں مکسڈ ڈبلز کے راؤنڈ آف 16 میں محمد عاصم خان اور مہوش علی کا مقابلہ میزبان جاپان کی جوڑی سے ہوگا، جبکہ ناصر اقبال اور سحرش علی کا ہانگ کانگ کے خلاف اہم مقابلہ کل شیڈول ہے۔ اس کے علاوہ مینز سنگلز راؤنڈ آف 16 میں نور زمان کا مقابلہ کویت کے عمار التمیمی سے ہوگا اور اشہب عرفان کا سامنا سعودی عرب کے محمد الناصفان سے ہوگا۔







