کراچی کے علاقے جمشید کوارٹر میں پولیس نے ایک کارروائی کرتے ہوئے گھر میں گھس کر فائرنگ کے ذریعے خاتون کو قتل اور اس کی کمسن بیٹی کو زخمی کرنے والے مرکزی ملزم فہیم اقبالی کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم نے اتوار کے روز لسبیلہ سٹی ٹاور کے قریب ایک گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 32 سالہ گل اندام موقع پر جاں بحق جبکہ اس کی 9 سالہ بیٹی نسرین شدید زخمی ہو گئی تھی۔ پولیس نے زخمی بچی کے ابتدائی بیان اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملزم کو نامزد کر کے پکڑ لیا اور اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول اور گولیوں کا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا ہے۔ پولیس نے واقعے کے تمام پہلوؤں اور وجوہات کا علم لگانے کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر کے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔







