پشاور ریجن میں ہاکی کے فروغ اور کھیلوں کی سہولیات کی بہتری پر اہم اجلاس ڈویژنل سپورٹس اکیڈمی کی بحالی، لوکل گرانڈز کی تعمیر و بحالی اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے عملی اقدامات کی سفارش
پشاور( سپورٹس رپورٹر)ریجنل سپورٹس آفس شاہ تہماس خان پشاور میں ہاکی کے فروغ، کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور کھیلوں کے میدانوں کی ترقی کے حوالے سے ایک اہم میٹینگ منعقد ہوا، جس کی صدارت ریجنل سپورٹس آفیسر پشاور احمد زمان نے کی۔میٹینگ میں ای ڈی ای او ایجوکیشن سپورٹس ہمایون خان، چیف کوچ پشاور سپورٹس کمپلیکس شفقت اللہ، ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے نمائندے ضیا اللہ بنوری، ڈی ایس او دیر عدیل شاہ سمیت دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔میٹینگ کے دوران خیبر پختونخوا بالخصوص پشاور ریجن میں ہاکی کے کھیل کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے مختلف پہلوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکا نے ہاکی کے نئے ٹیلنٹ کی تلاش، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت، کوچنگ کے نظام کو بہتر بنانے اور کھلاڑیوں کو کھیلوں کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ ہاکی کے فروغ کے لیے صرف بڑے کھیلوں کے کمپلیکس ہی کافی نہیں بلکہ مختلف علاقوں اور اضلاع میں لوکل گرانڈز کی تعمیر اور بحالی بھی انتہائی ضروری ہے، تاکہ نوجوانوں کو اپنی آبادیوں کے قریب کھیلنے اور تربیت حاصل کرنے کے مواقع میسر آ سکیں۔میٹینگ میں مختلف علاقوں میں موجود کھیلوں کے میدانوں کی حالت بہتر بنانے، دستیاب گرانڈز کو کھیلوں کے لیے فعال بنانے اور ضرورت کے مطابق نئے لوکل گرانڈز تعمیر کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ بنیادی سطح پر کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی سے نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی بھی سامنے لائے جا سکتے ہیں۔اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس اکیڈمی کی دوبارہ بحالی کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شرکا نے اکیڈمی کی بحالی کو نوجوان کھلاڑیوں کی منظم تربیت اور مختلف کھیلوں میں نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔میٹینگ میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ہاکی کے فروغ کے لیے کھیلوں کے اداروں، تعلیمی اداروں، ضلعی ہاکی ایسوسی ایشنز، کوچز اور متعلقہ سپورٹس افسران کے درمیان بہتر رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔
تعلیمی اداروں میں ہاکی کے مقابلوں اور تربیتی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے کی تجاویز بھی زیر بحث آئیں۔شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے، ہاکی کے کھیل کو نچلی سطح سے فروغ دینے اور پشاور ریجن میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔میٹینگ کے اختتام پر ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ، لوکل گرانڈز کی تعمیر و بحالی اور ڈویژنل سپورٹس اکیڈمی کی بحالی سے متعلق سفارشات کو مزید متعلقہ فورمز تک پہنچانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔








