دبئی کے حکمراں، متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیرِاعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کے چھوٹے بھائی شیخ احمد بن راشد المکتوم پیر کی صبح انتقال کر گئے۔
شیخ احمد بن راشد المکتوم کے انتقال پر دبئی بھر میں 10 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ سوگ کے دوران سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہیں گے۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنے بھائی کے انتقال پر تعزیتی پیغام میں ان کے لیے رحمت اور مغفرت کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ احمد اب اپنے رب کے پاس ہیں اور اگرچہ وہ نظروں سے اوجھل ہوگئے ہیں، تاہم دعاؤں اور دلوں سے کبھی دور نہیں ہوں گے۔
دبئی کے حکمراں نے اپنے بھائی کے لیے جنت میں مقام اور اہلِ خانہ و عزیزوں کے لیے صبر و سکون کی دعا بھی کی۔
دبئی کے ولی عہد، نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے بھی اپنے چچا شیخ احمد بن راشد المکتوم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی







