چارسدہ پولیس نے چھٹی جماعت کے طالب علم کے اغواء اور خلافِ وضعِ فطری کی ناکام کوشش کے مقدمے میں نامزد تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سٹی کی حدود میں پیش آیا، جہاں مدعی کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے فوری تفتیش شروع کی گئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس سربراہ چارسدہ رفعت اللہ خان (PSP) نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی نگاہ حسین خان اور ایس ایچ او سٹی خان زیب خان کو ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔
ڈی ایس پی سٹی نگاہ حسین خان کی نگرانی میں ایس ایچ او سٹی خان زیب خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد تینوں ملزمان شاہد ولد عجب خان سکنہ انگار کورونہ رجڑ، محمد زید ولد داؤد خان اور محمد سعد ولد نادر خان ساکنان شیخ آباد رجڑ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔







