سنگاپور: اسمارٹ فونز پر وقت گزارنے کے بجائے شہریوں کو مطالعے کی طرف راغب کرنے کیلئے سنگاپور میں ایک نیا پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت کتاب پڑھنے والے افراد کو معاوضہ دیا جائے گا۔
پروگرام کے تحت شہریوں کو روزانہ کم از کم 15 منٹ تک کتاب پڑھنے پر ورچوئل سکے دیے جائیں گے، جنہیں بعد میں رقم میں تبدیل کیا جاسکے گا۔
مطالعے میں حصہ لینے والے افراد کو ایک حکومتی ویب سائٹ کے ذریعے ریڈنگ سیشنز مکمل کرنے ہوں گے۔ 15 منٹ یا اس سے زیادہ دورانیے کے ہر سیشن پر 20 ورچوئل سکے دیے جائیں گے، جبکہ ایک ہزار سکے ایک سنگاپوری ڈالر کے برابر ہوں گے۔
پروگرام کے مطابق جو افراد روزانہ 50 ریڈنگ سیشنز مکمل کریں گے، وہ ایک سنگاپوری ڈالر کما سکیں گے۔
سنگاپور کی حکومت کو توقع ہے کہ اس اقدام سے شہریوں میں توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت، تنقیدی سوچ اور تخیل بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
سنگاپور کے نیشنل لائبریری بورڈ کی سربراہ میلیسا ٹم نے کہا کہ مطالعے کی عادت پیدا کرنے کیلئے چھوٹے اور مستقل اقدامات ضروری ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ دور میں لوگ مختصر مواد، ویڈیوز اور خبروں کی بڑی تعداد تک فوری رسائی رکھتے ہیں، جس کے باعث مطالعے کیلئے باقاعدہ عادت بنانا اہم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت لوگوں کو روزانہ صرف 15 منٹ مطالعے کا آسان ہدف دیا گیا ہے، جسے سفر کے دوران، سونے سے پہلے یا کھانے کے وقفے میں بھی پورا کیا جاسکتا ہے۔
سنگاپور کی حکومت نوجوانوں پر سوشل میڈیا کے ممکنہ منفی اثرات کو کم کرنے کیلئے دیگر اقدامات پر بھی غور کر رہی ہے، جن میں آن لائن گزارے جانے والے وقت کو محدود کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔







