اسلام آباد: ریاض سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں ایک مسافر دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگیا۔
ترجمان کے مطابق پرواز کے دوران مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہوئی اور اسے دل کا دورہ پڑا۔ یہ واقعہ پاکستانی فضائی حدود میں کوئٹہ کے قریب پیش آیا۔
ترجمان نے بتایا کہ صورتحال سے آگاہ ہونے کے بعد پائلٹ نے پرواز کا رخ تبدیل کیا اور ملتان ایئرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی۔
ملتان ایئرپورٹ پر موجود میڈیکل ٹیم نے طیارے میں مسافر کا فوری معائنہ کیا۔ ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ 47 سالہ مسافر محمد صادق خان دورانِ پرواز ہی انتقال کرچکے تھے اور ان کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔
ترجمان کے مطابق مسافر کی میت لواحقین کے حوالے کردی گئی، تاہم میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کے باعث پرواز کو تقریباً ڈھائی گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔







