سعودی ولی عہد کی مصری صدر سے اہم ملاقات

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مصر کے سرکاری دورے کے دوران قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے اہم ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

شہزادہ محمد بن سلمان منگل کو مصر کے سرکاری دورے پر قاہرہ پہنچے، جہاں بعد ازاں ان کی مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور خطے میں سلامتی و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب اور مصر نے بحری آمدورفت کی سلامتی اور آزادی یقینی بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے بحیرہ احمر میں محفوظ اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت کے حوالے سے سعودی مطالبے کی حمایت کی۔

مصری ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مصر اور سعودی عرب کے تعلقات عرب فریم ورک کے اندر مثالی نوعیت کے ہوسکتے ہیں۔ بیان کے مطابق سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی سلامتی مصر کی قومی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔

ملاقات میں یمن کے تنازع کے پائیدار سیاسی حل کے لیے جاری کوششوں پر بھی زور دیا گیا۔

سعودی ولی عہد کا مصر کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب سعودی عرب نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے حالیہ حملوں کا بھرپور جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed