کراچی کے علاقے کیماڑی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کاشف ڈاڈا گروہ کے دو ملزمان نعمان اور شامیر کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان منشیات اور رقم کی نقل و حرکت اور ترسیل کے لیے "ٹپالی” کا کوڈ ورڈ استعمال کرتے تھے، جبکہ یہ گروہ روزانہ کی بنیاد پر ۴ سے ۵ لاکھ روپے کی منشیات فروخت کرنے میں ملوث تھا۔
دورانِ تفتیش گرفتار ملزمان نے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گروہ میں خواتین بھی منشیات فروشی کے نیٹ ورک میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ کاشف ڈاڈا گروہ کا سب سے کم عمر کارندہ ۱۴ سالہ جلال ہے۔ ملزمان کے بقول کاشف ڈاڈا کسی بھی ایک واردات کے عوض اپنے کارندوں کو ۲ سے ۳ ہزار روپے نقد یا بعض اوقات منشیات فراہم کرتا تھا۔
اسی اثنا میں چنیوٹ سے بھی خبر سامنے آئی ہے جہاں پولیس نے بیوی اور تین بچوں کے قتل کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔







