ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی طاقت سے لیس نیا سسٹم ‘ویدر نیکسٹ 3’ متعارف کروا دیا ہے جو موسمی حالات کی جدید اور درست پیشگوئی ممکن بنائے گا۔ اس عالمی ماڈل کو گوگل ڈیپ مائنڈ اور گوگل ریسرچ نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے، تاکہ انتہائی مقامی سطح پر بلا تاخیر موسم کی تفصیلات فراہم کی جا سکیں۔
یہ نیا ماڈل زمین کے مدار میں موجود جیو اسٹیشنری سیٹلائٹس سے حاصل کردہ تازہ ترین مناظر اور زمینی اسٹیشنز کے حقیقی ڈیٹا کا استعمال کرتا ہے۔ اس تکنیک کی بدولت یہ روایتی، سست اور زیادہ کمپیوٹنگ ڈیمانڈ والے عددی سسٹمز پر انحصار کا خاتمہ کرتا ہے۔ نتیجہ کے طور پر یہ جدید نظام ہر گھنٹے کے حساب سے موسمی اپ ڈیٹس جاری کرتا ہے، جس کی لوکل ریزولوشن 5 کلومیٹر تک ہے جو پرانے ماڈلز کے مقابلے میں تقریباً 5 گنا زیادہ باریک بینی سے معلومات مہیا کرتی ہے۔
نظام کی اہم خصوصیات میں ہر گھنٹے کی مسلسل پیشگوئی شامل ہے جس سے طوفان اور شدید موسم کی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پہلے سے وقت مل جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ زمین کے قریب درجہ حرارت اور ہواؤں کی قطعی پیمائش پیش کرتا ہے جس سے محدود انفراسٹرکچر والے خطوں کو بھی فائد ہوگا، جبکہ بارش کی معلومات میں غلطی کے امکان کو 50 فیصد تک کم کر دیا گیا ہے۔ یہ ماڈل ہوا کی رفتار اور شمسی تابکاری کا ڈیٹا دے کر صاف توانائی اور گرڈ آپریٹرز کے لیے بھی مددگار ثابت ہو گا۔ ویدر نیکسٹ 3 اب گوگل سرچ، جیمنائی، میپس، ویدر اے پی آئی اور گوگل ارتھ انجن پر دستیاب کر دیا گیا ہے۔







