امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے یمن کے حوثیوں کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کی درخواست مسترد کردی۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق سعودی ولی عہد نے بحیرہ احمر میں حوثیوں سے بڑھتے ہوئے خطرے کے معاملے پر گزشتہ روز صدر ٹرمپ سے دو مرتبہ ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر پر زور دیا کہ امریکا حوثیوں کے خلاف کارروائی کرے، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے اس درخواست کو قبول نہیں کیا۔
ایکسیوس کے مطابق حالیہ ہفتوں کے دوران امریکی عسکری اور سول حکام نے سعودی حکام سے رابطے بھی کیے ہیں۔ اسی سلسلے میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر ہنگامی رابطہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے۔
رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں سعودی سفارتخانے اور وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل یمن کی حوثی جماعت انصاراللہ نے سعودی عرب پر حملے کیے تھے، جن میں بچوں اور خواتین سمیت 73 افراد زخمی ہوئے تھے۔







