ارمڑ میں سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن، پانچ دہشت گرد ہلاک

کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پشاور ریجن نے شمشتو کیمپ کے قریب کابل انگلش لینگویج سینٹر، علاقہ تھانہ ارمڑ کے ایک کمپاؤنڈ میں اہم کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گرد حساس اداروں، امام بارگاہوں اور چرچز پر بم دھماکوں سمیت بڑی دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ہلاک دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر عمران عرف عبداللہ عرف بلال عرف ابو بکر شامل ہے، جو اسلام آباد اور دیگر اضلاع میں بم دھماکوں، پولیس اور سیاسی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت 20 مقدمات میں مطلوب تھا۔ حکومت پاکستان نے اس کی گرفتاری یا سراغ پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے انعام مقرر کیا تھا۔ دہشت گرد عمران مولانا خانزیب، سینیٹر ہدایت اللہ اور ریحانزیب کی شہادت کے واقعات میں بھی ملوث تھا۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، چار پستول، دو ہینڈ گرینیڈ، پانچ میگزین، ایک خود ساختہ آئی ای ڈی اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں شاہد اللہ ولد میراج بھی شامل ہے، جبکہ دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

سی ٹی ڈی جوانوں نے کمپاؤنڈ کو چاروں اطراف سے گھیر کر حکمتِ عملی کے تحت کارروائی کی۔ دہشت گردوں کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کے جواب میں جوانوں نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران ڈرون کا استعمال بھی کیا گیا تاکہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔

جائے وقوعہ سے شواہد محفوظ کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ اور فارنزک ٹیموں کو طلب کیا گیا جنہوں نے قانونی اور تکنیکی کارروائی مکمل کی۔ علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کارروائی میں حصہ لینے والے جوانوں کی ہمت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔ حکام نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور صوبے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed