ٹیلر سوئفٹ کو منفرد اعزاز، کیڑے کی نئی جنس ان سے منسوب

امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے نام سے منسوب کیڑے کی ایک نئی جنس دریافت کی گئی ہے، جسے ماہرین نے ’سوئفٹی فیلس‘ کا نام دیا ہے۔

جرنل ’انسیکٹ سسٹمیٹکس اینڈ ایوولوشن‘ میں 9 ستمبر کو شائع ہونے والی تحقیق میں پودے کھانے والے کیڑوں کی 12 نئی اقسام دریافت ہونے کا اعلان کیا گیا۔

تحقیق کے مطابق نئی دریافت کے ساتھ ایک نئی جنس کا نام بھی تجویز کیا گیا، جسے ٹیلر سوئفٹ سے متاثر ہوکر ’سوئفٹی فیلس‘ (Swiftiephylus) کا نام دیا گیا ہے۔

اس نئی جنس میں شامل چار اقسام کے نام بھی ٹیلر سوئفٹ اور ان کے البمز سے متاثر ہوکر رکھے گئے ہیں، جن میں ٹیلورا، ایمیٹر، انٹریپیڈس اور پوئیٹورم شامل ہیں۔

تحقیق کی شریک مصنف اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ریور سائیڈ کی حشراتیات کی ڈاکٹریٹ طالبہ سارہ شروڈر نے بتایا کہ وہ طویل عرصے سے ٹیلر سوئفٹ کی مداح ہیں۔ ان کے مطابق اس نام کے ذریعے گلوکارہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ان کیڑوں کی ان اقسام کی طرف بھی توجہ دلانا مقصد تھا جو ابھی تک دریافت نہیں ہوئیں۔

سارہ شروڈر کے مطابق ان کیڑوں کو ٹیلر سوئفٹ سے منسوب کرنے کی ایک وجہ ان کی ظاہری رنگت بھی ہے۔ ان کیڑوں کا رنگ ہلکا زرد جبکہ جسم پر نمایاں سرخ نشانات موجود ہیں، جو ٹیلر سوئفٹ کے سنہرے بالوں اور سرخ ہونٹوں سے مشابہت رکھتے ہیں۔

محققین کے مطابق ’سوئفٹی فیلس‘ کے نمونے 1995 سے 2004 کے دوران امریکی میوزیم آف نیچرل ہسٹری اور آسٹریلوی ماہرین کی جانب سے جمع کیے گئے تھے۔ اس مہم کے نتیجے میں 50 ہزار سے زائد نمونے حاصل ہوئے، تاہم سائنس دانوں کا اندازہ ہے کہ تقریباً 3 کروڑ کیڑے اب بھی دستاویزی ریکارڈ کا حصہ نہیں بن سکے۔

نئی جنس ’سوئفٹی فیلس‘ حقیقی کیڑوں کے بڑے خاندان مریڈی (Miridae) سے تعلق رکھتی ہے، جس میں دنیا بھر میں 11 ہزار سے زائد بیان کردہ انواع شامل ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی مشہور شخصیت کے نام پر کسی جاندار کا نام رکھا گیا ہو۔ 2022 میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ریور سائیڈ کے سائنس دانوں نے اداکار جیف ڈینیئلز کے نام پر نیماٹوڈ کیڑے کی ایک نوع کا نام ’ٹارنٹوبیلَس جیف ڈینیئلسی‘ رکھا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed