پشاور کرکٹ اسٹیڈیم کا نام ارباب نیاز بحال کرنے کا فیصلہ

پشاور: موجودہ حکومت نے پشاور میں واقع عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے اس کا پرانا اور تاریخی نام "ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم” دوبارہ بحال کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے صوبائی محکمہ کھیل کو ضروری احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور یہ طے پایا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے انعقاد سے قبل ہی اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ حتمی سرکاری اعلامیہ جاری ہونے کے بعد اس گراؤنڈ کو ایک بار پھر سرکاری سطح پر ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم، پشاور کے نام سے جانا جائے گا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کیا جا رہا ہے تاہم اسے کسی بھی سیاسی جماعت کی شخصیت سے منسوب نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ارباب نیاز کا تعلق اسی صوبے سے تھا اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ان کی گرانقدر خدمات ہیں، جبکہ اسٹیڈیم کو پیپلز پارٹی کے کسی رہنما کے نام پر بھی نہیں رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ اسٹیڈیم 1984 میں شاہی باغ اسٹیڈیم کے نام سے تعمیر ہوا تھا، جسے بعد ازاں 1987 میں سابق وفاقی وزیر کھیل ارباب نیاز محمد کی خدمات کے اعتراف میں ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام دیا گیا۔ تاہم گزشتہ پی ٹی آئی حکومت نے 21 فروری 2025 کو صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد اس کا نام تبدیل کر کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھ دیا تھا۔
سابقہ حکومت کے اس اقدام پر شدید تنازع کھڑا ہو گیا تھا اور ارباب نیاز کے اہلِ خانہ سمیت مختلف سماجی و سیاسی حلقوں نے اس کی مخالفت کی تھی۔ اس معاملے کو پشاور ہائی کورٹ میں بھی چیلنج کیا گیا تھا، جہاں درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ سرکاری قوانین کے تحت کسی زندہ شخصیت کے نام پر کوئی سرکاری مقام منسوب نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ایک بار رکھے گئے نام کو پچاس برس تک تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ یہاں تک کہ خود عمران خان نے بھی اس وقت اس فیصلے پر ناپسندیدگی ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی زندہ شخص کے نام پر اسٹیڈیم کا نام نہیں رکھنا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed