دوحہ: رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں پاکستان اے اور بھارت اے کے درمیان میچ سے قبل ٹاس کے نتیجے پر تنازع پیدا ہوگیا، جہاں میچ ریفری نے سکے کا نتیجہ غلط قرار دیا، تاہم پاکستانی کپتان عبدالصمد کی نشاندہی پر اپنا فیصلہ تبدیل کر دیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان اے کے کپتان عبدالصمد نے ٹاس کے لیے ہیڈز کا انتخاب کیا۔ سکہ اچھالنے کے بعد ہیڈز آنے کے باوجود میچ ریفری نے اسے ٹیل قرار دے دیا۔
پاکستانی کپتان نے فوری طور پر ریفری کی توجہ اس غلطی کی جانب مبذول کرائی اور بتایا کہ سکہ ہیڈز پر گرا ہے۔ بعد ازاں ریفری نے دوبارہ جائزہ لیا اور اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے ٹاس کا فیصلہ تبدیل کردیا۔
اس طرح پاکستان اے کو ٹاس کا فاتح قرار دیا گیا، جس کے بعد کپتان عبدالصمد نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، جس پر کرکٹ شائقین کی جانب سے مختلف تبصرے سامنے آئے۔ بعض صارفین نے ابتدائی فیصلے پر سوالات اٹھائے جبکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن ساجد عثمانی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس معاملے پر تبصرہ کیا۔
ساجد عثمانی کا کہنا تھا کہ میچ ریفری نے مائیک پر ابتدائی طور پر بھارت کے ٹاس جیتنے کا اعلان کیا تھا، تاہم عبدالصمد نے بروقت غلطی کی نشاندہی نہ کی ہوتی تو نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا۔
ایک اور سوشل میڈیا صارف نے بھی اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹاس کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال کے باوجود پاکستان شاہینز نے بھارتی ٹیم کو شکست دی۔
واضح رہے کہ اسی مقابلے میں پاکستان اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت اے کو جیت کے لیے 314 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں تلک ورما کی سنچری بھی بھارتی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکی اور پوری ٹیم 265 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان نے اس طرح بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے دی۔ میچ کے دوران ٹاس کے فیصلے میں تبدیلی کا واقعہ بھی مقابلے کے اہم موضوعات میں شامل رہا۔







