پاکستان تحریک انصاف کے سابق ترجمان اور سینئر قانون دان معظم بٹ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ریاست سے وفاداری ہر شہری کا فرض ہے، جبکہ آئین اور قانون کی پاسداری ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ریاست مقدم ہے اور سیاست بعد میں آتی ہے، پاکستان کے ساتھ ہماری وفاداری غیر متزلزل ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔اپنے ایک بیان میں معظم بٹ ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ وفاداری اور ریاست کے استحکام پر ہمارا یقین اٹل ہے، تاہم بدقسمتی سے ملک میں سیاست دانوں، پالیسی سازوں اور مختلف اداروں کے فیصلوں اور معاملات میں شفافیت کا فقدان نظر آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب فیصلوں کے پس منظر اور محرکات واضح نہ ہوں تو ان کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنا مشکل ہو جاتا ہے، جو قومی سطح پر اعتماد کے بحران کو جنم دیتا ہے۔معظم بٹ نے کہا کہ موجودہ حالات میں قوم کو اپنے اجتماعی شعور، فطری بصیرت اور سیاسی و سماجی سمجھ بوجھ پر اعتماد کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ قومی یکجہتی، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور اداروں کی شفافیت ہی عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے کی بنیاد ہیں۔







