ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ہمدرد نونہال اسمبلی کا اجلاس آرکائیوز لائبریری ہال پشاور میں منعقد ہوا جس کا موضوع ”افکارِ اقبال اور موجودہ پاکستان ”تھا۔ مہمان خصوصی معروف ادیب ،مصنف ،کالم نگار اور ماہر اقبالیات پروفیسر خالد سہیل ملک تھے ۔ مہمان اعزازسید مشتاق حسین بخاری تھے جبکہ نظامت کے فرائض الفیصل ماڈل ہائی سکول باڑہ لین کی نونہال آمنہ رحیم نے انتہائی احسن طریقے سے نبھائے ۔اجلاس میں مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ کرام اور طلبا و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی پروفیسر خالد سہیل ملک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال پاکستان کو محض ایک جغرافیائی ریاست نہیں بلکہ نظریاتی اور اسلامی مملکت کے طور پر دیکھتے تھے، جس نے عالمِ اسلام میں اہم کردار ادا کرنا تھا۔ اقبال نوجوانوں کو قوم کی تقدیر بدلنے کا ذریعہ سمجھتے تھے، علامہ اقبال کے خواب کی تکمیل کے لیے نئی نسل کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔اجلاس کے قائد ایوان کے فرائض کڈز سکول سسٹم بوائز کیمپس کے نونہال عبدالباسط نے سرانجام دئیے، جبکہ قائد حزب اختلاف کے فرائض فرنٹیئر ماڈل سکول کے نونہال محمد سعد نے بخوبی نبھائے ۔اس موقع پرورسک ماڈل سکول اینڈ کالج گرلز کی نونہال یومنا سلیمان ،پشاور ماڈل گرلز ہائی سکول کی نونہال فجر، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول حیات آباد کی نونہال مناحل اسحاق اور گورنمنٹ شہید ایمن خان ہائیر سیکنڈری سکول کے نونہال محسن خان آفریدی نے مذکورہ موضوع پر اپنی پراثر تقاریر سے شر کا محفل کے دل موہ لئے ۔ اجلاس میں ورسک ماڈل سکول اینڈ کالج گرلز ورسک روڈ کے نونہالان نے ملی نغمہ پیش کیا اور شرکا محفل سے خوب داد وصول کی،الفیصل ماڈل ہائی سکول کے نونہالان نے خوبصورت ٹیبلو پیش کیا جبکہ اقرا زینت الاطفال سکول گلبہار کے نونہالان نے دعائے سعید پیش کی ۔ اجلاس کے آخر میں ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے مہمان خصوصی اور مہمان اعزاز نے نونہالان میں انعامات تقسیم کیے جبکہ مہمان خصوصی کو ہمد رد فائونڈیشن کی جانب سے خصوصی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔







