تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اعتراف کیا ہے کہ ان کا ملک اس وقت شدید معاشی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے، جسے انہوں نے میزائلوں کے ذریعے لڑی جانے والی روایتی جنگ سے بھی زیادہ مشکل قرار دیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو درپیش معاشی دباؤ ایک خاموش جنگ کی صورت اختیار کرچکا ہے، جس کے اثرات ملک اور عوام پر گہرے مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی محاذ پر جاری مشکلات میزائلوں کی جنگ کے مقابلے میں زیادہ سخت اور تکلیف دہ ہیں۔
صدر پزشکیان کے بیان میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ ایران کو صرف فوجی خطرات ہی نہیں بلکہ معاشی دباؤ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سنگین چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔







