پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 38 قومی مرد کرکٹرز کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا ہے، جن کی مدت 30 جون 2027 تک ہوگی۔ نئے کنٹریکٹس میں محمد رضوان، امام الحق، صائم ایوب اور شان مسعود جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
اعلان کردہ فہرست کے مطابق بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل ٹیسٹ کیٹیگری کا حصہ ہوں گے۔
اسی طرح ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیٹیگریز میں جگہ دی گئی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیٹیگری میں حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق شامل ہیں۔
دوسری جانب پی سی بی نے مستقبل کے قومی ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے 19 کرکٹرز کو ڈیولپمنٹ کیٹیگری میں بھی شامل کیا ہے۔
اس کیٹیگری میں عبدالصمد، عبداللہ فضل، احمد دانیال، علی رضا، فرحان یوسف، حنین شاہ، محمد طحہ، محمد طیب عارف، محمد غازی غوری، محمد عمران رندھاوا، رضا اللہ، سعد بیگ، سعد مسعود، سمیر منہاس، ثاقب خان، شاہ زیب خان، شامل حسین، سفیان مقیم اور عبید شاہ شامل ہیں۔







