امام الحق کی یارکشائر میں واپسی، 2027 کے پورے سیزن کے لیے معاہدہ طے
پاکستان کے اوپننگ بیٹر امام الحق نے 2027 کے کرکٹ سیزن کے لیے انگلش کاؤنٹی کلب یارکشائر کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔ کلب نے ان کی واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستانی بیٹر پورے سیزن کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
30 سالہ امام الحق آئندہ سیزن میں کاؤنٹی چیمپئن شپ اور ون ڈے کپ دونوں مقابلوں میں یارکشائر کی نمائندگی کریں گے۔
امام الحق اس سے قبل 2025 کے ون ڈے کپ میں یارکشائر کی جانب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے صرف آٹھ لسٹ اے میچز میں چار سنچریاں اسکور کی تھیں اور 98.28 کی شاندار اوسط سے رنز بنائے تھے۔
یارکشائر میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امام الحق کا کہنا تھا کہ یہ کلب ہمیشہ ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے اور وہ اگلے سیزن میں ٹیم کی کامیابی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں۔
یارکشائر کے جنرل منیجر کرکٹ گیون ہیملٹن نے بھی امام الحق کی واپسی کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بیٹر نے گزشتہ سیزن میں اپنی عمدہ بیٹنگ سے ٹیم کو ون ڈے کپ کے اہم مرحلے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ امام الحق کے چچا اور سابق پاکستانی کپتان انضمام الحق بھی ماضی میں انگلش کاؤنٹی کلب یارکشائر کی نمائندگی کر چکے ہیں۔







