اہم صنعتی شعبوں میں انڈر انوائسنگ سے قومی خزانے کو اربوں نقصان

پاکستان میں شوگر، سیمنٹ، ٹیکسٹائل، مشروبات اور تمباکو کے شعبوں میں غیر قانونی اور غیر دستاویزی تجارت کے باعث معیشت کو مسلسل نقصان پہنچنے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق غیر دستاویزی مینوفیکچرنگ سے سرکاری محصولات متاثر ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں متوازی معیشت کو تقویت مل رہی ہے، جائز کاروباروں کو مشکلات درپیش ہیں اور ملکی مالیاتی گنجائش بھی محدود ہو رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان شعبوں میں انڈر انوائسنگ، پیداوار کو چھپانے اور ٹیکس کے بغیر فروخت کے عمل نے کاروباری مقابلے کو غیر مساوی بنا رکھا ہے، جس سے قومی معیشت کو سالانہ کھربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کئی مینوفیکچررز اپنی حقیقی پیداوار کم ظاہر کر کے ٹیکس چوری میں ملوث رہے، جس سے نہ صرف سرکاری آمدنی گھٹی بلکہ قانون کے مطابق کام کرنے والے اداروں کو بھی مسابقت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بڑے کاروباری ادارے صارفین سے سیلز ٹیکس تو لے رہے تھے، تاہم کم بلنگ اور اصل پیداواری صلاحیت چھپا کر ٹیکس ادا نہیں کر رہے تھے۔ انہوں نے شوگر سیکٹر میں کی جانے والی نگرانی کو مؤثر اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ شوگر ملوں کے پروڈکشن یونٹس پر کیمرے لگائے گئے ہیں جن سے تھیلوں کی پیداوار کا حساب رکھا جاتا ہے، جبکہ کیو آر کوڈز کے ذریعے ان کی ترسیل اور فروخت کے مقامات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم کی مداخلت کے بعد شوگر کی صنعت سے ایک سال کے دوران اضافی 60 ارب روپے سیلز ٹیکس اکٹھا کیا گیا، اور اب یہی نگرانی کا نظام سیمنٹ، ٹیکسٹائل اور مشروبات کے شعبوں میں بھی نافذ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمباکو کے شعبے میں صورتحال زیادہ تشویشناک رہی، جہاں ایک طرف باضابطہ شعبہ سالانہ 150 سے 200 ارب روپے ٹیکس دیتا ہے، دوسری طرف غیر دستاویزی نیٹ ورک خفیہ کارخانوں کے ذریعے خود تمباکو اگا کر سگریٹ تیار اور فروخت کرتا رہا ہے، جسے اب ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے کارروائیاں کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق اس سلسلے میں سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر دستاویزی تمباکو کی تجارت سے سالانہ تقریباً 300 ارب روپے کے محصول کا نقصان ہو رہا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق خفیہ پیداوار کو قانونی دائرے میں لانے سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوتا ہے، کاروبار کے لیے مساوی ماحول بنتا ہے اور عوام پر نیا ٹیکس لگائے بغیر مالیاتی صلاحیت بہتر ہوتی ہے، جبکہ انڈر انوائسنگ اور غیر دستاویزی تیاری کے خلاف منظم کارروائی سے دیرپا اور واضح نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed