پشاور پولیس نے اسٹریٹ جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف آپریشن اسٹریٹ فائٹ شروع کر دیا ہے، جس کے تحت ہونے والی کارروائیوں میں تین ڈکیت مارے گئے اور ایک ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق تھانہ پھندو، تھانہ فقیر آباد، تھانہ پہاڑی پورہ اور تھانہ پشتخرہ کی حدود میں سنگین جرائم کے انتہائی مطلوب ملزمان کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے ہوئے۔ فقیر آباد میں مقابلے کے دوران گولیاں لگنے سے ایک اہلکار کی بلٹ پروف جیکٹ اور سرکاری پک اپ گاڑی کو نقصان پہنچا، تاہم کوئی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا۔
کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت ناصر عرف گڑہ ولد مشتاق ساکن پھندو، زاہد ولد شیر خان ساکن چارسدہ حال مقیم لعل دین کالونی اور نعیم ولد شاکر ساکن ہزار خوانی کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ عبد الرحمن ولد تاج محمد ساکن یوسف آباد کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مارے جانے والے ملزمان ڈکیتی، رہزنی، سرکاری اہلکار کی لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ، قتل، اقدام قتل، پولیس پر حملوں، آئس کے کاروبار اور دیگر جرائم میں مطلوب تھے۔ آپریشن کے دوران اسلحہ اور چھینے گئے موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔







