پشاور کے طبی ماہرین کی دو تحقیقات عالمی جرائد میں شائع

پشاور: حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) کے طبی ماہرین کی متعدی بیماریوں اور برن سرجری سے متعلق دو تحقیقی مطالعات بین الاقوامی طبی جرائد میں شائع ہوگئے۔

ملیریا سے متعلق تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس مرض میں مبتلا 43.2 فیصد مریض دیگر متعدی بیماریوں کا بھی شکار تھے، جبکہ 22.2 فیصد مریضوں میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔

تحقیق کے دوران بخار میں مبتلا 5 ہزار 22 مریضوں کی اسکریننگ کی گئی، جن میں سے 81 افراد میں ملیریا کی تصدیق ہوئی۔ محققین کے مطابق ملیریا کے مریضوں میں ڈینگی، چکن گونیا اور ٹائیفائیڈ سمیت دیگر متعدی بیماریوں کی تشخیص کے لیے بھی ٹیسٹ کرنا ضروری ہے۔

ملیریا پر کی جانے والی یہ تحقیق بین الاقوامی طبی جریدے جے سی پی ایس پی میں شائع ہوئی ہے اور اسے پب میڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

دوسری تحقیق میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں جلنے سے متاثرہ ہاتھوں کی سرجری کے نتائج کا جائزہ لیا گیا، جنہیں حوصلہ افزا قرار دیا گیا ہے۔

اس مطالعے میں 177 مریضوں کو شامل کیا گیا۔ نتائج کے مطابق صرف 7.3 فیصد مریضوں میں جلد کی پیوندکاری جزوی طور پر ناکام ہوئی، جبکہ کسی بھی مریض میں جلد کا مکمل گرافٹ ضائع ہونے کا معاملہ سامنے نہیں آیا۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ سرجری کے بعد تین ماہ کے دوران صرف 4.5 فیصد مریضوں کو ہاتھ یا انگلیوں کے دوبارہ سکڑنے کی شکایت ہوئی۔

محققین کے مطابق جلنے سے متاثرہ ہاتھوں کی سرجری کے بعد اسپلنٹنگ اور فزیوتھراپی بھی بحالی کے عمل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

برن سرجری سے متعلق یہ تحقیق پاکستان جرنل آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز میں شائع ہوئی ہے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے طبی ماہرین کی یہ دونوں تحقیقی کاوشیں خیبر پختونخوا میں طبی تحقیق کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed