واشنگٹن: امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ چین کا دورہ کرنے والے صحافیوں کے موبائل فون سکیورٹی جانچ کے تحت عارضی طور پر ضبط کر لیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق صحافیوں کے فونز کو ممکنہ سائبر جاسوسی کے خدشات کے پیش نظر دورہ چین کے بعد ائیر فورس ون میں خصوصی سکیورٹی بیگز میں رکھا گیا، جنہیں امریکا پہنچنے پر مالکان کو واپس کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے عملے کے موبائل فونز کا ڈیٹا صاف کرنے یا انہیں تلف کرنے کے لیے بھی عارضی طور پر قبضے میں لیے جانے کے اقدامات کیے گئے۔
ان خصوصی بیگز کے حوالے سے وضاحت کی گئی ہے کہ یہ فیراڈے بیگز ہیں جن کے اندر وائی فائی اور موبائل نیٹ ورک کے سگنلز بلاک ہو جاتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام محض سکیورٹی احتیاط کے طور پر اٹھایا گیا تھا اور تاحال کسی مخصوص جاسوسی کی کارروائی یا آلات میں نگرانی کے سافٹ وئیر کی موجودگی کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔







