انڈونیشیا نے 19 ہزار سے زائد یوٹیوب چینلز بند کرنے پر گوگل سے وضاحت طلب کر لی

جکارتہ: انڈونیشیا نے ملک سے منسلک 19 ہزار 372 یوٹیوب چینلز بند کیے جانے کے معاملے پر گوگل سے تفصیلی جواب اور وضاحت طلب کر لی ہے۔

انڈونیشیا کی وزارتِ مواصلات و ڈیجیٹل امور کے مطابق گوگل نے جولائی سے ستمبر 2026ء کے دوران مربوط اثراندازی کی سرگرمیوں کے الزام میں انڈونیشیا سے جڑے 19 ہزار 372 یوٹیوب چینلز معطل کیے، جبکہ 30 اکتوبر کو شائع ہونے والی سہ ماہی رپورٹ میں مزید 17 چینلز کا الگ سے تذکرہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بند ہونے والے زیادہ تر چینلز انڈونیشین زبان میں حکومت کی حمایت اور حکومت پر تنقید کرنے والوں کے خلاف مواد نشر کر رہے تھے۔

وزارت کے سینئر عہدیدار میڈیوڈیچی لوستارینی کے مطابق حکومت نے گوگل سے تحریری وضاحت اور شواہد طلب کیے ہیں، جن میں چینلز کی شناخت اور بندش کے معیار، جانچ پڑتال کے طریقہ کار، درستگی کی شرح اور ممکنہ غلطیوں کا سراغ لگانے کے طریقوں سے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں چینلز کے خلاف کارروائی شفاف، منصفانہ اور متناسب ہونی چاہیے۔

دوسری جانب گوگل کے ترجمان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کمپنی اپنے پلیٹ فارمز کو محفوظ رکھنے کے لیے دنیا بھر میں مربوط اثراندازی کی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتی ہے اور سیاسی نظریات سے بالاتر ہو کر اپنی پالیسیوں کا یکساں اطلاق کرتی ہے۔

یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کی عوامی مقبولیت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جو نومبر 2025ء میں تقریباً 80 فیصد تھی اور جولائی 2026ء تک گھٹ کر 51 فیصد رہ گئی۔ اس کمی کی وجوہات میں معاشی صورتحال اور حکومت کے ایک اہم عوامی فلاحی پروگرام پر عوامی عدم اطمینان شامل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed