ویلنگٹن: بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی حتمی الیون سے باہر رکھنے کے فیصلے پر کرکٹ حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے اور سابق بھارتی کرکٹرز نے بھی اس انتخاب پر حیرت ظاہر کی ہے۔
19 نومبر کو ویلنگٹن میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے بھارتی ٹیم نے چار تیز گیند بازوں کو میدان میں اتارا، جن میں جسپریت بمراہ، آکاش دیپ، پراسیدھ کرشنا اور انشول کمبوج شامل تھے، جبکہ محمد سراج کو جگہ نہیں مل سکی۔ سراج نے گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں 9 وکٹیں لے کر نمایاں کارکردگی دکھائی تھی، جس کے بعد انہیں پیس اٹیک کا اہم ستون مانا جا رہا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سراج کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب انہوں نے افغانستان کے خلاف ٹیسٹ کے بعد آئرلینڈ کے دورے کے لیے آرام کی درخواست کی۔ اس کے بعد ورک لوڈ مینجمنٹ کی پالیسی کے تحت انہیں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے بھی الگ رکھا گیا تھا۔
سراج کو پلیئنگ الیون سے باہر کیے جانے پر روی شاستری، سنیل گواسکر اور سابق کپتان محمد اظہرالدین نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔ محمد اظہرالدین کا کہنا تھا کہ سراج بہتر سلوک کے حقدار ہیں۔ تاہم بھارتی بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک نے ٹیم مینجمنٹ کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پانچ روزہ ٹیسٹ میچ کی ضروریات کے مطابق بہترین کمبی نیشن کو ترجیح دی گئی ہے۔







