پیرس: یورپی اور جاپانی خلائی اداروں کا مشترکہ خلائی مشن بیپی کولمبو 8 سال سے زائد عرصے اور 6 ارب میل سے زیادہ کا فاصلہ طے کرنے کے بعد نظام شمسی کے سب سے چھوٹے اور سورج کے قریب ترین سیارے عطارد کے مدار میں کامیابی سے داخل ہو گیا ہے۔
یورپی خلائی ایجنسی (ای ایس اے) اور جاپانی خلائی ایجنسی (جے اے ایکس اے) کے اس مشترکہ منصوبے کو اکتوبر 2018 میں روانہ کیا گیا تھا۔ یہ انسانی تاریخ کا محض دوسرا خلائی مشن ہے جس نے عطارد کے مدار تک رسائی حاصل کی ہے، اس سے قبل صرف امریکی خلائی ادارے ناسا کے ایک مشن نے 2011 سے 2015 تک وہاں رہ کر تحقیق کی تھی۔ انجن کے نظام میں ایک تکنیکی خرابی کے باعث اس مشن کا سفر 7 کے بجائے 8 سال میں مکمل ہوا۔
ایک ارب 60 کروڑ یورو کی لاگت سے تیار ہونے والے اس مشن کو سورج کی شدید کشش ثقل کے باعث رفتار کم رکھنے کے لیے پورے سفر کے دوران وقفے وقفے سے بریک لگانا پڑی اور زمین، زہرہ و عطارد کے گرد متعدد چکر لگانے پڑے۔ بیپی کولمبو دراصل 2 الگ خلائی طیاروں پر مشتمل ہے جو فی الحال آپس میں جڑے ہوئے ہیں اور دسمبر 2026 میں علیحدہ ہو کر مختلف مداروں میں چلے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت یورپی طیارہ عطارد کی سطح کا تفصیلی نقشہ تیار کرنے کے ساتھ مقناطیسی میدان کا جائزہ لے گا، جبکہ جاپانی طیارہ سیارے کے گرد موجود گیسوں پر تحقیق کرے گا۔ سائنسدانوں کو 20 سال سے جاری اس منصوبے کے ذریعے یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ عطارد سورج کے اتنے قریب کیسے وجود میں آیا، اس پر منجمد برفانی پٹی اور مقناطیسی میدان کیوں موجود ہے، نیز اس کی سطح پر بننے والے ہزاروں گڑھوں اور عجیب نشانات کی وجوہات کیا ہیں۔ مشن کی باقاعدہ تحقیقی سرگرمیاں اپریل 2027 میں شروع ہونے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ عطارد سورج کے گرد اپنا چکر صرف 58 دنوں میں پورا کرتا ہے، جس کی وجہ سے وہاں 3 ماہ مسلسل دن اور 3 ماہ رات رہتی ہے، جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت 450 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے اور رات کو منفی 180 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جاتا ہے۔







