نئے صوبوں کے قیام کے معاملے میں کوئی ابہام نہیں’ عبد العلیم خان

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر کوئی ابہام نہیں، جہاں عوام چاہتے ہیں وہاں نئے صوبے ضرور بننے چاہئیں۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ہزارہ، ملتان اور کراچی کے عوام نئے صوبے چاہتے ہیں تو وہاں صوبے بننے چاہئیں، کیونکہ جب تک نئے صوبے قائم نہیں ہوں گے، عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ سندھ یہ نہیں چاہتا کہ وہاں نیا صوبہ بنے، لیکن پنجاب میں صوبوں کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم میں ساتھ دیا تو اب کیا مسئلہ ہے؟ مخصوص نشستیں بھی رکھنی ہیں اور اعتراض بھی کرنا ہے۔اس موقع پر انہوں نے تبصرہ کیا کہ ہائے اس زود پشیماں کا پشیماں ہونا۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زیرک سیاست دان ہیں، انہیں وزیراعظم کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔ ان کی جماعت وفاق میں حکومت کے ساتھ ہے، تاہم پنجاب میں حکومت کا حصہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران انہوں نے وزیراعظم کو مدبر اور بہتر پایا ہے، جبکہ سالک حسین کو بھی وزیراعظم سے کوئی مسئلہ نہیں بلکہ ان کے تحفظات پنجاب سے متعلق ہیں۔صدر استحکام پاکستان پارٹی نے پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوریت نہیں بلکہ بادشاہت کا معاملہ ہے، مسلم لیگ (ن)کے لوگ زیادہ تنگ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت کے درمیان زیادہ دوری جمہوریت کے لیے اچھی نہیں، تمام فریقین کو مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے چاہئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed