بلوچستان کی مکران کوسٹل ہائی وے پر تاجی کور کے مقام پر مسافر کوچ اور گیس ٹینکر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 10افراد جاں بحق اور 27زخمی ہوگئے، حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تربت سے کراچی جانے والی مسافر کوچ گیس سے لدے ٹینکر سے ٹکرا گئی۔تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں کوچ میں سوار تین بچوں سمیت 8 مسافر اور ٹینکر کے 2 ڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔کوسٹل ہائی وے پولیس کے سربراہ محمد اسلم بنگلزئی کے مطابق حادثے میں 27 افراد زخمی ہوئے، جنہیں اورماڑہ کے درمان جاہ ہسپتال اور پسنی کے پاک عمان ہسپتال منتقل کردیا گیا۔محمد اسلم بنگلزئی کا کہنا تھا کہ آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن میں کوسٹل ہائی وے پولیس، پاکستان نیوی، ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔







