افغان طالبان حکام نے قندھار کے ریڈیو اسٹیشنز پر کرکٹ سے متعلق نشریات پر پابندی عائد کر دی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی اے ایف پی نے دو براڈکاسٹرز اور ایک صوبائی ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ طالبان حکام نے جنوبی صوبے قندھار کے ریڈیو اسٹیشنز پر افغانستان میں تیزی سے مقبول ہوتے کھیل ‘کرکٹ’ سے متعلق کسی بھی قسم کا مواد نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت ماضی میں اس کھیل کی حمایت کرتی رہی ہے اور طالبان حکام کی جانب سے اگست میں اپنے اقتدار میں واپسی کی سالگرہ کے موقع پر کرکٹ میچز کا انعقاد بھی کیا گیا تھا تاہم صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت نے ہفتے کے روز ریڈیو اسٹیشنز کو مطلع کیا کہ اب کرکٹ سے متعلق کسی بھی چیز کی اجازت نہیں ہے۔
محکمے کے ذرائع نے تصدیق کی کہ کرکٹ کی کوریج پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ذرائع نے مزید تفصیلات فراہم کیے بغیر خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ ’کمنٹری اور خبروں کی کوریج، یا یہاں تک کہ میچ کے نتائج کے بارے میں رپورٹنگ کرنے پر بھی پابندی ہے‘۔
ایک مقامی ریڈیو اسٹیشن کے سربراہ نے خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ ’ہمیں محکمہ اطلاعات و ثقافت سے فون آیا اور ہمیں بتایا گیا کہ ہم اب ریڈیو پر کرکٹ کی کوریج نہیں کر سکتے‘۔
قندھار کے ایک اور ریڈیو اسٹیشن کے منیجر نے بھی اس ہدایت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے فون کر کے کہا کہ ’فی الحال کرکٹ سے متعلق ہر چیز پر پابندی ہے‘۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے قندھار میں کیے جانے والے اس فیصلے پر تبصرے کے لیے خبررساں ایجنسی کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ طالبان حکام نے افغانستان میں بعض کھیلوں پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں تاہم مردوں اور لڑکوں کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے۔ دوسری جانب، خواتین اور لڑکیوں پر عوامی زندگی تک رسائی کو شدید محدود کرنے والے قوانین کے تحت جم جانے اور مجموعی طور پر کھیلوں میں حصہ لینے پر مکمل پابندی عائد ہے۔
خیال رہے کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم اس وقت متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔







