مشیر اطلاعات سمر بلور کا پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کا دورہ، ادارے کی کارکردگی اور اقدامات کو سراہا

پشاور میں مشیر اطلاعات و ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبرپختونخوا سمر بلور نے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، سیکرٹری ریلیف، بحالی و آبادکاری اور تمام ڈائریکٹرز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران مشیر اطلاعات و ریلیف نے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) کا معائنہ کیا اور وہاں جاری سرگرمیوں، جدید مانیٹرنگ سسٹم، ریئل ٹائم ڈیٹا اور مختلف ڈیش بورڈز کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پی ڈی ایم اے کی تکنیکی ٹیم نے انہیں ہنگامی صورتحال کی نگرانی، ابتدائی انتباہی نظام اور ایمرجنسی رسپانس کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بعد ازاں منعقدہ اجلاس میں ڈائریکٹر ریہیبیلیٹیشن ساجد عمران نے قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں، امدادی سرگرمیوں، ڈیجیٹل کمپنسیشن سسٹم، بحالی کے منصوبوں اور ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن پالیسی پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ڈی ایم اے صوبے کے 38 اضلاع میں امدادی و حفاظتی اقدامات کے لیے سرگرم عمل ہے جبکہ عوامی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن 1700 چوبیس گھنٹے فعال ہے۔ اس کے علاوہ جالوزئی میں قائم ہیومینیٹیرین رسپانس فیسلٹی (HRF)، صوبے بھر میں نشاندہی شدہ 185 محفوظ کیمپ سائٹس، امدادی سامان کے ذخائر اور غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کے لیے قائم ٹرانزٹ پوائنٹس کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

سمر بلور نے پی ڈی ایم اے کی مجموعی کارکردگی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بروقت معلومات کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے جدید نظام، بہتر منصوبہ بندی اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ کاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے ادارے کو مزید مستحکم بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed