پشاور میں انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) کا دورہ کیا اور کوہاٹ میں دہشت گردوں و جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ مقابلے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ اس موقع پر کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران آئی جی پی ہسپتال میں داخل تمام زخمی اہلکاروں کے پاس فرداً فرداً گئے، ان سے گذشتہ روز پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات دریافت کیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے موقع پر موجود ڈاکٹروں سے اہلکاروں کے زخموں کی نوعیت اور فراہم کردہ علاج معالجے کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ ان جانبازوں کو بہترین طبی سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے اور علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
آئی جی پی ذوالفقار حمید نے زیرِ علاج اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے موقع پر مالی امداد فراہم کی اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ زخمی پولیس اہلکار ہمارے قومی ہیرو ہیں جنہوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر پورے صوبے کے عوام کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور ان کا بلند حوصلہ و جرات پوری پولیس فورس کے لیے قابلِ تقلید ہے۔







