غزہ کے ناصر اسپتال پر اسرائیلی حملہ، 5 فلسطینی شہید

غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں اسرائیلی فوج نے ناصر اسپتال کے شعبہ سرجری پر فضائی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں سرجن سمیت کم از کم 5 فلسطینی شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔

غزہ کی سول ڈیفنس سروس کے ترجمان محمود باسل نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ جمعرات کی صبح ناصر اسپتال کے شعبہ سرجری کو نشانہ بنایا گیا، جس سے عمارت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔

طبی عملے کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے سرجن کی شناخت رزق ابو شعیرہ کے نام سے ہوئی ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر اس حملے کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا کی ثالثی میں اکتوبر 2025 میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا، تاہم اس کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ مکمل طور پر نہیں رک سکا۔

جنگ بندی معاہدے کے اگلے مراحل پر مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہیں۔ حماس کو غیر مسلح کرنے اور غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا سمیت متعدد اہم معاملات تاحال حل طلب ہیں۔ اسرائیل اس وقت غزہ کے تقریباً دو تہائی علاقے پر کنٹرول رکھتا ہے۔

غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 1600 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس دوران اس کے 4 فوجی بھی ہلاک ہوئے۔

اکتوبر 2025 میں امریکا کی ثالثی سے ہونے والی جنگ بندی کے بعد غزہ میں بڑے پیمانے پر لڑائی رک گئی تھی، تاہم فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی کارروائیاں جاری رہیں۔

اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس دوبارہ اپنی عسکری قوت بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ حماس کا کہنا ہے کہ وہ ایک سال قبل طے پانے والے جنگ بندی معاہدے پر قائم ہے اور اسرائیل اس کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

فلسطینی حکام کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں اسرائیل پر حملے کے بعد غزہ میں شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے حملے میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed