بالی وڈ اداکارہ ہما قریشی نے اپنی آنے والی سیاسی ڈراما سیریز ’مہارانی سیزن 5‘ میں کردار کی مناسبت سے سر منڈوالیا، جس کے بعد ان کا نیا روپ مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہما قریشی اس سیریز میں ایک بار پھر رانی بھارتی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ سیریز کا پہلا پرومو جاری کردیا گیا ہے، جس میں اداکارہ کو گنجے سر کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔
پرومو میں ہما قریشی کا غیر معمولی حلیہ دیکھ کر مداح حیران رہ گئے۔ بعدازاں اداکارہ نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے کردار کے لیے حقیقت میں سر منڈوایا ہے۔
ہما قریشی کا کہنا تھا کہ سر منڈوانا ان کے لیے ایک بالکل نیا تجربہ تھا، جس سے وہ پہلے کبھی نہیں گزری تھیں۔ اگرچہ یہ ایک بڑا فیصلہ تھا، تاہم وہ یہ جاننے کے لیے پرجوش تھیں کہ اس تبدیلی کا ان کی اداکاری پر کیا اثر پڑے گا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ’مہارانی سیزن 5‘ ناظرین کو حیران کردے گا۔ ان کے مطابق اس سیریز کا ہر سیزن ایک اداکار کی حیثیت سے انہیں کچھ نیا کرنے کا موقع دیتا ہے، تاہم پانچویں سیزن کی کہانی خاص طور پر دلچسپ ہے۔







