پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مشیر معدنیات ڈاکٹر سرفراز علی کی سربراہی میں چراٹ سیمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اعظم فاروق نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری معدنیات عامر سلطان ترین سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران سی ای او چراٹ سیمنٹ نے گورنر کو موجودہ سیمنٹ فیکٹریوں کی اپ گریڈیشن اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چراٹ سیمنٹ گروپ خیبرپختونخوا میں معدنیات کے شعبے میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے قیام میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے سرمایہ کاری کے عمل میں درپیش بعض مسائل اور مشکلات بھی گورنر کے سامنے رکھیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، جن سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر عوامی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔
گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور نجی شعبے کے ساتھ اشتراک بڑھانے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔







