
تحریر: شکیل الرحمان
عمان میں جاری ڈی پی ورلڈ مینز انڈر 19 ایشیا کپ 2026 کے اہم مقابلے میں پاکستان انڈر 19 نے نیپال کو 101 رنز کے واضح فرق سے شکست دے دی ہے۔ العمارۃ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں قومی جونیئر ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 275 رنز بنائے۔ آل راؤنڈر احمد حسین نے 73 گیندوں پر 89 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 74 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط موقف فراہم کیا۔ نیپال کی طرف سے بپن پرساد شرما نے تین اور سشیل راول نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں 275 رنز کا ہدف نیپالی ٹیم کے لیے مشکل ثابت ہوا اور پوری ٹیم 43.4 اوورز میں 174 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ روہت چند 37 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 32 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ محمد حذیفہ اور جہانگیر بلال نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
گروپ اے کے دوسرے میچ میں بھارت انڈر 19 نے متحدہ عرب امارات کے خلاف 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 309 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا۔ بھارتی اوپنر آریا ویر سہواگ نے 168 گیندوں پر 160 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جبکہ ونیث نے 67 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ یو اے ای کی جانب سے نسیم خان نے 4 وکٹیں لیں۔ 310 رنز کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم 239 رنز بنا سکی جس میں احمد خداداد 74 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارت کے ایشان سود نے 4 شکار کیے۔ Group مرحلے کی تکمیل کے بعد پاکستان، بھارت، افغانستان اور بنگلہ دیش نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔



