مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ و محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور نے سیکرٹری ریلیف یوسف رحیم کے ہمراہ ریسکیو 1122 کے صوبائی ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے صوبائی ریسکیو سروس کی مجموعی کارکردگی، جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور درپیش مسائل سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔
مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے ایمرجنسی اور حادثات کے موقع پر ریسکیو 1122 کے جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے ادارے کو جدید ترین آلات، ٹیکنالوجی اور تمام ضروری وسائل کی فراہمی، اہلکاروں کے درپیش مسائل کے ازالے اور عوامی خدمت کے اس نظام کو مزید موثر و فعال بنانے کا مکمل اعادہ کیا۔







