پنجاب میں جرائم کی روک تھام کیلئے جدید سرویلنس یونٹ قائم

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جرائم کی روک تھام اور پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا افتتاح کردیا۔

نئے نظام کے تحت صوبے بھر میں ضلع، سرکل اور پولیس اسٹیشن کی سطح پر اسمارٹ پولیسنگ کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ پولیس افسران کی کارکردگی کی ڈیجیٹل بنیادوں پر نگرانی بھی ممکن ہوگی۔

افتتاحی تقریب کے دوران کرائم سرویلنس یونٹ کے سربراہ عثمان طاہر نے وزیراعلیٰ پنجاب کو یونٹ کے طریقہ کار اور ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

حکام کے مطابق نئے نظام کے ذریعے پنجاب کے ہر تھانے میں جرائم سے متعلق تازہ ترین معلومات ایک کلک پر دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت مختلف سطحوں کے پولیس افسران کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جاسکے گا۔

کرائم سرویلنس یونٹ میں جرائم کی 20 مختلف کیٹیگریز سے متعلق ڈیٹا جمع اور مرتب کیا جائے گا۔ یونٹ میں تعینات ماہرین اس معلومات کی بنیاد پر فوری طور پر ڈیٹا اینالیسس رپورٹس تیار کریں گے، جن کی مدد سے جرائم کی صورتحال کا تجزیہ کیا جاسکے گا۔

اس نظام کے ذریعے شہریوں کی شکایات اور درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت کی نگرانی بھی کی جائے گی۔ شکایات کے ازالے میں غیر ضروری تاخیر کی صورت میں متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی ممکن ہوگی۔

یونٹ قومی سلامتی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سوشل میڈیا پر موجود قابلِ توجہ پوسٹس کی نشاندہی بھی کرے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے پولیس اصلاحات کا منصوبہ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ کے ڈیٹا کو مؤثر اور درست انداز میں استعمال کیا جائے۔

انہوں نے ایف آئی آر کے اندراج میں بلاجواز تاخیر کی شکایات پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور پولیس کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا فوری جواب دینے کی ہدایت بھی کی۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کو ہر قسم کے جرائم سے پاک کرنا چاہتی ہے اور کرائم سرویلنس یونٹ کے قیام کا بنیادی مقصد جرائم کے خاتمے کی کوششوں کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر شعبے میں اچھے اور برے لوگ موجود ہوتے ہیں، اس لیے چند افراد کی وجہ سے پوری پولیس فورس کی کارکردگی کو مشکوک قرار دینا مناسب نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں مؤثر اصلاحات کے نتیجے میں جرائم کی شرح میں کمی کا تاریخی رجحان خوش آئند ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed