ملتان: کہروڑ پکا میں اپنی ماں اور دو بہنوں کو بے ہوش کرکے زندہ جلانے کے الزام میں گرفتار ملزم سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا۔
سی سی ڈی کے مطابق ملزم نے اپنی سگی ماں اور دو بہنوں کو پہلے بے ہوش کیا، پھر ان پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی، جس کے نتیجے میں تینوں خواتین جاں بحق ہوگئی تھیں۔
حکام کے مطابق ملزم نے تینوں خواتین کو قتل کرنے کے بعد واقعے کو شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ ظاہر کرنے کی کوشش کی تھی۔
واقعے کے بعد ملزم کی جانب سے پیٹرول پمپ سے پیٹرول خریدنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو موصول ہوئی تھی۔
سی سی ڈی کے مطابق گرفتاری کے بعد دوران تفتیش ملزم نے تینوں خواتین کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا تھا۔ بعدازاں وہ سی سی ڈی مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا۔







