کراچی کے ٹی ایم سی گراؤنڈ پر کھیلے گئے پروفیسراعجاز فاروقی پی سی بی انٹرکلب کرکٹ ٹورنامنٹ ۲۰۲۶ کے فائنل میں لاروش کرکٹ کلب نے یونائیٹڈ اسپورٹس کو ۹۲ رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی چیمپئن شپ ٹرافی جیت لی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ہدایت اور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی زون دو کے زیرِ اہتمام منعقد کیا گیا۔
میچ کے اختتام پر ایک پُروقار اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی پروفیسر اعجاز احمد فاروقی تھے، جبکہ صدارت کے فرائض ڈاکٹر خورشید ضیاء زبیری نے انجام دیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اعجاز فاروقی نے کہا کہ کلب کرکٹ کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہے اور انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے آئندہ بھی لیگ کی بنیاد پر ٹورنامنٹس کرانے میں اپنا پورا تعاون جاری رکھیں گے۔ تقریب کے صدر ڈاکٹر خورشید ضیاء زبیری اور دیگر مقررین بشمول جمیل احمد اور وصال انصاری نے زون دو کی انتظامیہ اور ٹورنامنٹ کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر انعامات تقسیم کیے گئے۔ فائنل میں بہترین کارکردگی پر لاروش کلب کے راؤ وقار کو ’مین آف دی میچ‘ اور علی حسن کو ’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔ یونائیٹڈ اسپورٹس کے حسن جعفری کو بہترین بیٹسمین، نیو یونائیٹڈ جیمخانہ کے سمید عامر خان کو بہترین بولر اور تیسر ٹاؤن ٹائیگرز کے کریم خان کو بہترین فیلڈر قرار دیا گیا۔ مہمانِ خصوصی پروفیسر اعجاز فاروقی نے ونر ٹرافی لاروش کرکٹ کلب کے کپتان کو پیش کی جبکہ رنر اپ ٹرافی یونائیٹڈ اسپورٹس کے کپتان کے حوالے کی گئی۔







