خیبر پختونخوا کے محکمہ اطلاعات میں گزشتہ 13 سال کے دوران گم ہونے والی سرکاری گاڑیوں کا ریکارڈ طلب کر لیا گیا، جبکہ گمشدہ گاڑیاں 72 گھنٹوں میں واپس نہ کرنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مشیر اطلاعات کی ہدایات پر محکمہ اطلاعات اور اس کے ماتحت دفاتر میں زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔سیکرٹری اطلاعات کو تمام ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد پانچ روز میں تصدیق شدہ رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور کی ہدایت پر سیکرٹری اطلاعات کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے، جس میں تمام ذیلی دفاتر اور منصوبوں میں زیر استعمال گاڑیوں کا مکمل ریکارڈ پانچ دن کے اندر جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، مراسلے کے مطابق لاپتہ یا غیر قانونی طور پر غائب گاڑیوں کے ذمہ دار افسران کو باہتر گھنٹوں میں گاڑیاں پیش کرنے کی مہلت دی گئی ہے، جبکہ مقررہ وقت گزرنے کے بعد متعلقہ حکام کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت سخت قانون جوئی کی جائے گی۔







